پاکستان کے سب سے بڑے الخدمت AI ہیکاتھون کا گرینڈ فائنل 24 اکتوبر کو، 295 ٹیمیں آمنے سامنے

لاہور (پنجاب پوسٹ ) پاکستان میں نوجوانوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور تخلیقی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے علی بابا کلاؤڈ کے اشتراک سے اے آئی ہیکاتھون پاکستان 2026 کا انعقاد کیا ہے، جس کے گرینڈ فائنل کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

فائنل 24 اکتوبر کو پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ضلعی اور ریجنل سطح کے مقابلوں کے بعد کوالیفائی کرنے والی 295 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
گرینڈ فائنل میں بنو قابل پاکستان کے پیٹرن ان چیف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن، چین کے سفیر، علی بابا کلاؤڈ کے نائب صدر، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندگان اور کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

تقریب میں نوجوانوں کے تیار کردہ منصوبوں اور مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کے امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت منعقد ہونے والے اس ہیکاتھون کے لیے ملک بھر سے 16 ہزار سے زائد پراجیکٹس موصول ہوئے۔ ضلعی اور ریجنل سطح پر مقابلوں کے مختلف مراحل کے بعد 295 ٹیموں نے گرینڈ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

ان ٹیموں سے وابستہ 244 خواتین اور 467 مرد شرکاء کی شرکت نوجوانوں میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔ہیکاتھون میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 60 ہزار ڈالرز کے انعامات مختص کیے گئے ہیں، جن میں 30 ہزار ڈالرز نقد انعامات جبکہ 30 ہزار ڈالرز اکاونٹس کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے ۔

ان انعامات کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، ان کی تکنیکی صلاحیتوں کے اعتراف اور مصنوعی ذہانت پر مبنی منصوبوں کی مزید ترقی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے