اوکاڑہ (پنجاب پوسٹ) 8 سال کی عمر میں بنگلہ دیش سے بچھڑنے والی کوہ نور کے اہلِ خانہ کو سیف سٹی نے تلاش کر لیا۔بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی کوہ نور کو مبینہ طور پر اغوا کرکے پاکستان لایا گیا تھا۔تقریباً چار دہائیوں سے اہلِ خانہ سے بچھڑی کوہ نور اب اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں مقیم ہیں۔
اہلِ خانہ کی تلاش کیلئے کوہ نور نے سیف سٹی ‘میرا پیارا’ ٹیم سے رابطہ کیا۔سیف سٹی ‘میرا پیارا’ ٹیم نے کوہ نور کی تفصیلات اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے اہلِ خانہ کی تلاش شروع کی۔سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر دبئی میں مقیم شہری نے سیف سٹی سے رابطہ کیا اور بنگلہ دیش میں کوہ نور کے اہلِ خانہ کی نشاندہی کی۔
یہ بھی پڑھیں:سیف سٹی ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم کی بڑی کامیابی، 9 سال بعد تہمینہ والدین سے مل گئی
دبئی میں مقیم شہری نے کوہ نور کے اہلِ خانہ کی معلومات، رابطہ نمبر اور شناختی دستاویزات فراہم کیں۔سیف سٹی ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی کی ٹیم نے بنگلہ دیش میں اہلِ خانہ سے رابطہ کرکے معلومات کی تصدیق کی۔سیف سٹی ٹیم نے دیپالپور میں کوہ نور کے گھر پہنچ کر بنگلہ دیش میں موجود اہلِ خانہ سے ویڈیو کال پر رابطہ کروایا۔
اہلِ خانہ کو ویڈیو کال پر دیکھ کر کوہ نور جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں، آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے۔اہلِ خانہ نے کوہ نور سے ملاقات اور انہیں بنگلہ دیش واپس لانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:میاں چنوں: تلمبہ کچا محلہ میں داماد کی فائرنگ، 36 سالہ ساس سلمہ بی بی جاں بحق
تصدیقی اور قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد کوہ نور کی واپسی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق 40 سال بعد کوہ نور کے اہلِ خانہ کا سراغ ملنا انسانی خدمت کی کوششوں میں اہم کامیابی ہے۔شہری گمشدہ اور لاوارث افراد سے متعلق معلومات کیلئے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے 3 دبائیں۔









