لاہور: حضرت بابا شاہ چراغ لاہوری کے عرس کی پروقار تقریب، گدی نشین سید قاسم علی شاہ گیلانی کی چادر پوشی

لاہور(پنجاب پوسٹ) حضرت سید عبدالرزاق شاہ گیلانی القادری المعروف بابا شاہ چراغ لاہوریؒ کے سالانہ عرس کی پروقار روحانی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سادات گیلانی، عقیدت مندوں، مذہبی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

عرس کے موقع پر گدی نشین سید قاسم علی شاہ گیلانی اور صاحبزادہ سید عبدالقادر نے مزار اقدس پر چادر پوشی کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سلسلہ قادریہ کے بزرگوں کی دینی، روحانی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تاریخی حوالوں کے مطابق حضرت شاہ چراغؒ کا اصل نام سید عبدالرزاق تھا اور آپ کا شمار لاہور میں مدفون معروف اولیائے کرام میں ہوتا ہے۔ حضرت شاہ چراغؒ کا وصال 1068ھ بمطابق 1657ء میں ہوا۔ مزار کے ساتھ موجود تاریخی مسجد بھی اس مقام کی مذہبی و تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وارث شاہ کا میلہ ، اختتامی روز کیا کیا سرگرمیاں منعقد ہوئیں؟

تاریخی روایت کے مطابق نواب زکریا خان کی والدہ بیگم جان کو حضرت شاہ چراغؒ کے مزار سے خصوصی عقیدت تھی۔ انہوں نے مزار سے ملحق مسجد کی تعمیر شروع کروائی اور اپنی وفات کی صورت میں اپنے زیورات فروخت کرکے مسجد کی تعمیر مکمل کرنے کی وصیت کی، جس کے نتیجے میں مسجد کی تکمیل ان کے زیورات کی آمدنی سے ہونے کا ذکر تاریخی تحریروں میں ملتا ہے۔

عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گدی نشین سید قاسم علی شاہ گیلانی نے کہا کہ اولیائے کرام نے محبت، اخوت، انسانیت، رواداری اور خدمت کا پیغام عام کیا، جسے نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزرگوں کے مشن، تعلیمات اور روحانی ورثے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت بابا شاہ چراغؒ سے منسوب یہ تاریخی مقام صرف ایک روحانی مرکز نہیں بلکہ لاہور کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی ورثے کا بھی اہم حصہ ہے۔ نئی نسل کو اپنے تاریخی اور روحانی ورثے سے روشناس کرانا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت کے پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئیل آفینڈر بل 2026 میں ایسا کیا ہے کہ مریم نواز کو مداخلت کرنا پڑی؟بل کے مندرجات سامنے آگئے

عرس کی تقریب میں سید سلیم حسن گیلانی، سید شہزاد روشن گیلانی، میاں معظم جہانزیب وٹو، سید فرخ گیلانی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے حضرت بابا شاہ چراغؒ کی تعلیمات اور سلسلہ قادریہ کے بزرگوں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب کے دوران ملک میں مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، امن و استحکام اور قومی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

عرس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے