لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر کی سروس ڈلیوری کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت نئے تعینات ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے مختلف ونگز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے این جی اوز کی رجسٹریشن، ریگولیشن اور مانیٹرنگ کے نظام میں ضروری اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا اور این جی اوز کی رجسٹریشن اور ریگولیٹری ایس او پیز کا جامع جائزہ لے کر نظرثانی شدہ ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت دی۔
اس کے علاوہ رجسٹرڈ این جی اوز کے بینک اکاؤنٹس کی شناخت اور تصدیق کے لیے مؤثر نظام وضع کرنے، مقامی و بین الاقوامی منصوبوں کی منظوری کے لیے فریم ورک تیار کرنے اور این جی او ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لے کر رجسٹرڈ این جی اوز کی خدمات سے بہتر استفادہ کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
صوبائی وزیر نے پنجاب بھر کے صنعت زاروں کی دو سالہ کارکردگی کی جامع پریزنٹیشن دو ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی، جس میں صنعت زاروں میں تربیت حاصل کرنے والے افراد، ان کی آمدن اور مارکیٹ لنکیجز کی تفصیلات شامل ہوں۔ اس کے علاوہ صنعت زاروں کی مصنوعات کی ڈیزائننگ و پیداوار میں موجود خلا، خصوصی افراد کے لیے سہولیات، بجٹ اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ طلب کی گئی۔
میڈیکل سوشل سروسز یونٹس (ایم ایس ایس یوز) میں مستحق اور غریب مریضوں کو بروقت سہولیات اور مالی معاونت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ ایم ایس ایس یوز کے عملہ، مستقبل کی توسیع، سروسز میں بہتری، آگاہی مہم اور فنڈز کے استعمال پر جامع پریزنٹیشن بھی دو ہفتوں میں طلب کی گئی، جبکہ پاکستان بیت المال اور پنجاب بیت المال کے ذریعے مریضوں کی معاونت کے طریقہ کار پر بھی جامع پریزنٹیشن پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں ایم ایس ایس یوز میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے لیے روٹیشن پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے واضح کیا کہ کسی ایک ہسپتال میں ایم ایس ایس یو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی مدت دو سال سے زائد نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ بزرگ شہریوں سمیت دیگر مستحق افراد کے ریفرل، اسیسمنٹ اور بحالی کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے عوامی مسائل کے بروقت حل اور محکمہ کی سروس ڈلیوری مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔









