لاہور میں من چلوں کا ویک اینڈ خراب کرنے کی تیاریاں مکمل، موٹر سائیکل سواروں کو پکڑنے کا فیصلہ، کیا کارروائیاں ہونگی؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ سمیت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف آج اور کل شہر بھر میں جنرل ہولڈ اپ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق کم عمر، بغیر لائسنس، بغیر ہیلمٹ اور تین سوار موٹرسائیکل سواروں جبکہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چالان کے ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

کم عمر ڈرائیور کی موٹرسائیکل جووینائل پرمٹ دکھانے پر چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر پہلے چالان کیا جائے گا اور بار بار خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو بچے گھر سے موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشہ لے کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، جبکہ حادثات کی بڑی وجوہات میں کم عمر ڈرائیورز بھی شامل ہیں۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو گاڑی یا موٹرسائیکل ہرگز نہ دیں۔

محفوظ سفر کے پیش نظر موٹرسائیکل پر تین سواروں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر پانچ ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر دو ہزار روپے جرمانہ ہوگا اور گاڑی بھی بند کی جائے گی۔

لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ کیا جائے گا اور موٹرسائیکل سواروں کے لائسنس بنوائے جائیں گے۔ سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ کم عمری میں کار اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے