پاکستان میں 35 سال سے زائد عمر کی 20 لاکھ لڑکیاں شادی کی منتظر، الخدمت نے ایک ارب دو کروڑ روپے سے 16 ہزار 700 لڑکیوں کی شادیاں کیسے کروائیں؟

لاہور ()الخدمت فاؤنڈیشن کے خواتین ٹرسٹ نے 60 مستحق لڑکیوں کی شادی کی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں دلہنوں کو شادی گفٹ باکس، سلامی اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا جبکہ ان کے اہلخانہ کے لیے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان صائمہ شبیر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین سمیعہ راحیل قاضی ، ثمینہ سعید، الخدمت خواتین ٹرسٹ لاہور کی نائب صدر صبا ثاقب، سینئرمینجر میڈیا ریلشنزالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان شعیب ہاشمی سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین پر مشتمل پینل نے”رسموں سے رشتوں تک” کے موضوع پر گفتگو کی اور شادی بیاہ میں غیر ضروری رسومات اور نمود و نمائش کے بجائے سادگی اور آسان نکاح کو فروغ دینے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : سرگودھا میں الخدمت فاؤنڈیشن کے “بنو قابل” پروگرام کی گریجویشن تقریب

ڈاکٹرحمیرا طارق نے کہا کہ مستحق بچیوں کی شادی میں معاونت الخدمت کی سماجی خدمت کا اہم حصہ ہے۔ ایک بیٹی کی شادی ہر والدین کی بڑی خواہش اور خوشی ہوتی ہے، تاہم محدود مالی وسائل رکھنے والے خاندانوں کے لیے شادی کے اخراجات پورے کرنا ایک مشکل مرحلہ بن چکا ہے۔ الخدمت ایسے خاندانوں کا مالی بوجھ کم کرنے اور بچیوں کی باعزت رخصتی میں معاونت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجھتی آنکھوں میں امید کے دیے جلانا اور مایوس و دل گرفتہ دلوں پر مرہم رکھنا الخدمت کا مشن ہے۔ یہ خدمت کسی ایک علاقے یا طبقے تک محدود نہیں بلکہ الخدمت ملک بھر میں بلاامتیاز رنگ، نسل، زبان، ثقافت، جنس اور مذہب انسانیت کی خدمت کررہی ہے۔

صائمہ شبیر نے کہا کہ شادی گفٹ باکس کا مقصد مستحق بچیوں کو نئی ازدواجی زندگی کے آغاز کے لیے بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہے۔گزشتہ پانچ برسوں کے دوران الخدمت کی جانب سے 16 ہزار 700 شادی گفٹ باکس تقسیم کیے جاچکے ہیں جبکہ شادی گفٹ باکس پرالخدمت ایک ارب دو کروڑ روپےخرچ کرچکی ہے۔

مزیر پڑھیں : فخر زمان نے اپنی کرکٹ اکیڈمی الخدمت کی سرپرستی میں دینے کا اعلان کر دیا

انہوں نے کہا کہ شادی گفٹ باکس صرف ضروری گھریلو سامان نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کے ساتھ اخوت، محبت اور معاشرتی تعاون کا اظہار ہے۔ معاشرے کے صاحب استطاعت افراد کو چاہیے کہ وہ ضرورت مند خاندانوں کی خوشیوں میں شریک ہوں اور شادی کو غیر ضروری اخراجات اور رسم و رواج کا بوجھ بنانے کے بجائے سادگی اور آسانی کو فروغ دیں۔

صبا ثاقب نے کہا کہ الخدمت کی کوشش ہے کہ مستحق بچیوں کو صرف شادی کے موقع پر سامان فراہم نہ کیا جائے بلکہ ان کے خاندانوں کو یہ احساس بھی دیا جائے کہ معاشرہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ ایسے فلاحی پروگراموں میں اپنا کردار بڑھائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک پہنچا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ الخدمت خواتین ٹرسٹ کی جانب سے مستحق بچیوں کی شادی میں معاونت کا مقصد ان کے خاندانوں کے مالی بوجھ میں کمی کے ساتھ ان کی عزت نفس کا تحفظ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادی گفٹ باکس میں نئی ازدواجی زندگی کے آغاز کے لیے ضروری گھریلو سامان شامل کیا جاتا ہے جبکہ اس موقع پر دلہنوں کو سلامی اور دیگر ضروری معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور میں گداگری کے خاتمے کے لیے ٹریفک پولیس اور الخدمت فاؤنڈیشن کا مشترکہ لائحہ عمل تیار

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے بیٹی کی شادی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، اس لیے معاشرے میں اجتماعی تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ الخدمت خواتین ٹرسٹ مستحق خاندانوں تک پہنچنے اور ان کی حقیقی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنی سماجی خدمات کا دائرہ وسیع کررہا ہے۔

مقررین نے کہا کہ 60 مستحق بچیوں کی شادی کا یہ پروگرام 60 خاندانوں کو خوشی دینے کے ساتھ اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی بھی ہے کہ معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔ تقریب کے اختتام پر الخدمت کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق بچیوں کی شادی، آسان نکاح اور ضرورت مند خاندانوں کی معاونت کے لیے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے