لاہور میں گداگری کے خاتمے کے لیے ٹریفک پولیس اور الخدمت فاؤنڈیشن کا مشترکہ لائحہ عمل تیار

لاہور( پنجاب پوسٹ ) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے الخدمت فاؤنڈیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنو قابل پراجیکٹ کے رضاکاروں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شہر میں بڑھتی ہوئی گداگری کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ بنو قابل پراجیکٹ کے رضاکار لاہور ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر گداگروں کی میپنگ، ریسرچ اور پروفائلنگ میں معاونت کریں گے، جس کے ذریعے پیشہ ور گداگروں کے نیٹ ورکس اور ان کے ہینڈلرز تک رسائی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہینڈلرز کے خلاف ہیومن ٹریفکنگ اور ویگرینسی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کروا کر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گداگری صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک سماجی چیلنج ہے، جس کے خاتمے کے لیے تمام اداروں اور معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے مستحق اور نادار افراد کی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق خواتین، بچوں اور خواجہ سرا افراد کو فلاحی اداروں کے تعاون سے بیوٹی کورسز، سلائی، کڑھائی اور دیگر فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں باعزت روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔ اس کے علاوہ لاہور کی جھونپڑی آبادیوں میں "جھونپڑی اسکولز” قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ محروم بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس نے رواں سال 3,500 سے زائد گداگروں کے خلاف کارروائیاں کیں جبکہ بھکاری بچوں، مردوں اور خواتین کو سوشل بیگرز ہوم، ایدھی سینٹر اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کے تعاون سے 726 مقدمات کے اندراج کو بھی یقینی بنایا گیا۔

اس موقع پر بنو قابل پراجیکٹ کے ڈائریکٹر شاہد اقبال نے سی ٹی او لاہور کی گداگری کے خلاف جاری مہم اور اقدامات کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سی ٹی او لاہور نے اپنے پیغام میں کہا کہ گداگری جیسے سماجی ناسور کے خاتمے کے لیے عوام کو بھی پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے