ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ، ایمرجنسی وارڈ میں بیڈز بڑھانے اور مریضوں کے لواحقین کے لیے نئے ویٹنگ شیڈز تعمیر کرنے کی ہدایت

سرگودھا: (پنجاب پوسٹ) ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کا شام کے وقت تفصیلی دورہ کیا اور ہسپتال میں طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، مریضوں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے سمیت ادویات کی دستیابی کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، ایمرجنسی وارڈ میں طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کا بھی معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کے رش کے پیش نظر بیڈز کی تعداد بڑھانے، مریضوں کے لواحقین کے لیے نئے سایہ دار ویٹنگ شیڈز تعمیر کرنے اور انتظار گاہوں میں بیٹھنے کے مناسب انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور لیبارٹریز، وارڈز اور واش رومز سمیت ہسپتال کے تمام حصوں میں صفائی کے معیاری انتظامات برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔

حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ صفائی اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہسپتال کے دستیاب وسائل، فنڈز اور ذرائع آمدن کو طبی سہولیات کی بہتری کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر سہیل خواجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ کو مزید کشادہ کرنے اور بیڈز میں اضافے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ کارڈیالوجی وارڈ میں علیحدہ انتظامات کے ذریعے ایمرجنسی مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں جاری اصلاحاتی اقدامات تیز کرنے اور ان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز چوہدری محمد اکمل اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد بلال مخدوم بھی موجود تھے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے