فخر زمان نے اپنی کرکٹ اکیڈمی الخدمت کی سرپرستی میں دینے کا اعلان کر دیا

لاہور (پنجاب پوسٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے معروف اوپنر فخر زمان نے نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کرکٹ اکیڈمی کو الخدمت فاؤنڈیشن کی سر پرستی میں دینے کا اعلان کر دیا ۔ فخر زمان نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا، جہاں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، ڈائریکٹر اسپورٹس انجینئر حماد رشید اور الخدمت کی سینئر قیادت نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران فخر زمان نے الخدمت ہیڈ آفس اور الخدمت اسپورٹس کمپلیکس کا معائنہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔ فخر زمان نے الخدمت ہیڈآفس دورے کے موقع پر اعلان کیا کہ ان کی کرکٹ اکیڈمی اب الخدمت فخر زمان کرکٹ اکیڈمی کے نام سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام کام کرے گی جبکہ الخدمت کے اشتراک سے دیگر شہروں میں مزید اکیڈمیز بھی قائم کی جائیں گی ۔

اس اقدام کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت اور صحت مند و مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نئی نسل کی کردار سازی کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فخر زمان نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات، بالخصوص آغوش ہومز، یتیم بچوں کی کفالت کے پروگرام اور تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے الخدمت کے ساتھ مل کر ملک بھر میں نوجوانوں اور مستحق طبقات کی خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے فخر زمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے یہ شراکت داری اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور قومی تعمیر میں کھیلوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فخر زمان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

ڈائریکٹر اسپورٹس الخدمت فاؤنڈیشن انجینئراحمد حماد رشید نے کہا کہ الخدمت اسپورٹس ملک بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع پیدا کرنے، کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کی مثبت تربیت کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کی مرکزی قیادت اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے