وہاڑی(پنجاب پوسٹ) وہاڑی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال میں دل کے مریضوں کو مبینہ طور پر ایکسپائر انجیکشن فراہم کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش اور احتجاج کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضہ کو تجویز کردہ انجیکشن کی تاریخِ تنسیخ گزر چکی تھی، تاہم انجیکشن لگانے سے قبل ایک شہری نے اس کی ایکسپائری ڈیٹ چیک کر لی اور مبینہ غفلت کی نشاندہی کر دی۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال کے اندر سے حاصل کیے گئے انجیکشن کے ایکسپائر ہونے کا معاملہ سامنے آنے پر شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں ادویات کی تاریخِ تنسیخ چیک کرنے کا نظام کہاں ہے اور اس سے قبل کتنے مریضوں کو ایسی ادویات فراہم کی جا چکی ہیں؟
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسپائر انجیکشن فراہم کرنے کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، سیکرٹری ہیلتھ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی اپیل بھی کی ہے۔









