لاہور(پنجاب پوسٹ)ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تقرری کا معاملہ، صدر پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دے دی۔ صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے ججز کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نئے تعینات ہونے والے 10 ایڈیشنل ججز سے جمعرات کو حلف لیں گی۔ نئے ججز کا لاہور ہائیکورٹ میں بطور ایڈیشنل جج ایک سال کے لیے تقرر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ججز کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد انہیں مستقل جج بنانے کے معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔
نئے تعینات ہونے والے ججز میں سید فرہاد علی شاہ، امجد پرویز، اسد علی باجوہ، غلام سرور نہنگ، شیریں عمران، عثمان غنی راشد چیمہ، منور دوگل، امیر عجم ملک، خالد ابن عزیز اور اجمل خان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن نے 21 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ کے لیے نئے ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ صدر پاکستان کی جانب سے منظوری کے بعد اب ان تقرریوں کا باضابطہ عمل مکمل کیا جائے گا۔













