پنجاب پولیس، سب انسپکٹر سے ڈی ایس پی رینک تک اہلکاروں کی ترقیاں رکنے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر سے ڈی ایس پی رینک تک ترقیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، آئی جی پنجاب نے ترقیوں کے لیے ایلیٹ کورس لازمی قرار دیتے ہوئے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے۔


مراسلے کے مطابق ایلیٹ کورس پاس کیے بغیر اگلے رینک پر ترقی نہیں دی جائے گی، جبکہ گزشتہ سالوں میں متعدد افسران کو ایلیٹ کورس پاس کیے بغیر ترقی دیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔


آئی جی پنجاب کی جانب سے 2012 سے اب تک ایلیٹ اورینٹیشن کورس (ای او سی) فیل کرنے والے اے ایس آئیز اور سب انسپکٹرز کی فہرست 7 روز میں طلب کر لی گئی ہے۔

مراسلے میں ڈائریکٹ اے ایس آئی، سب انسپکٹر اور انسپکٹر کے لیے ایلیٹ اورینٹیشن کورس لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پولیس رولز 1934 کے تحت ای او سی کو تربیتی نصاب کا لازمی حصہ قرار دیا گیا ہے۔


حکم نامے کے مطابق ای او سی پاس کیے بغیر اے ایس آئی سے سب انسپکٹر اور انسپکٹر سے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی کسی صورت نہیں ہوگی۔ تمام ریجنل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ تصدیق اور ترقی کے عمل سے قبل افسر کی ای او سی تکمیل لازمی طور پر چیک کی جائے۔


مستقبل میں ای او سی کا علیحدہ کالم ایف لسٹ میں شامل کیا جائے گا، جبکہ ای او سی مکمل کیے بغیر کیٹیگری اے، بی، سی اور ڈی کا کوئی کورس بھی نہیں ملے گا۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ بھجواتے ہوئے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے