لاہور(پنجاب پوسٹ)مرکزی مسلم لیگ نے پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جماعت کو دہشت گرد اور کالعدم قرار دینے پر سات روز کے اندر معافی مانگیں۔ نوٹس کے مطابق معافی نہ مانگنے کی صورت میں جماعت عدالت سے رجوع کرنے کا حق رکھتی ہے۔
یہ قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی جانب سے ان کے وکلا نے بھجوایا۔نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022ء سے ملک میں سیاسی و فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔
نوٹس کے مطابق عظمیٰ بخاری نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس (X) پر بیان جاری کیا، جو میڈیا پر بھی نشر ہوا۔ ان بیانات میں مرکزی مسلم لیگ کو "دہشت گرد”، "غیر قانونی” اور "کالعدم جماعت” قرار دیا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ بیانات جھوٹے، بے بنیاد، توہین آمیز اور ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں۔
نوٹس میں عظمیٰ بخاری سے درج ذیل مطالبات کیے گئے ہیں:
1-مرکزی مسلم لیگ کو دہشت گرد اور کالعدم قرار دینے کے الزامات عوامی سطح پر واپس لیے جائیں۔
2-سوشل میڈیا سے متعلقہ مواد حذف کیا جائے۔
3-جماعت کے خلاف مزید کسی قسم کے ہتک آمیز یا توہین آمیز بیانات سے گریز کیا جائے۔
4-آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی تحریری یقین دہانی کروائی جائے۔
5-نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیکا ایکٹ کے اخلاقی ضابطے کی مبینہ خلاف ورزی پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے بھی رجوع کیا جائے گا۔











