لاہور کی اہم سڑکوں پر چنگ چی رکشہ والا مداری پولیس کے ہتھے کیسے چڑھا؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)شہر میں ون ویلنگ، تیز رفتاری اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا، گرین ٹاؤن کے علاقے میں رکشہ پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گرین ٹاؤن کے علاقے میں حسنین نامی رکشہ ڈرائیور سڑک پر خطرناک انداز میں رکشہ چلاتے ہوئے ون ویلنگ اور مختلف کرتب دکھا رہا تھا۔

رکشہ ڈرائیور کی خطرناک حرکتوں سے نہ صرف اس کی اپنی جان کو خطرہ تھا بلکہ سڑک پر موجود دیگر شہریوں اور موٹرسائیکل سواروں کی زندگی بھی خطرے میں پڑ سکتی تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی ٹاؤن شپ فیاض بھٹی نے فوری کارروائی کی اور ون ویلنگ کرنے والے ڈرائیور کو دھر لیا۔ ٹریفک پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم حسنین کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے حوالات میں بند کردیا گیا۔ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر خطرناک ڈرائیونگ، ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔

شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور اسپیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر خطرناک ڈرائیونگ کرنے والے افراد نہ صرف اپنی زندگی بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

سی ٹی او لاہور نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں اور نوجوانوں پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں ون ویلنگ جیسے خطرناک شوق سے دور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا چند لمحوں کا شوق کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے والدین اپنے بچوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ ڈرائیونگ کی ترغیب دیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق شہری بھی خطرناک ڈرائیونگ اور ون ویلنگ کے واقعات کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس یا ٹریفک حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کرکے حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جاسکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے