منڈی بہاؤالدین ( پنجاب پوسٹ) منڈی بہاؤالدین میں سرگودھا پولیس کے اغوا ہونے والے کانسٹیبل محمد اویس کو پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد میانہ گوندل کے قریب سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ مغوی کانسٹیبل کو گزشتہ روز بھیرہ انٹرچینج پر قائم پولیس ناکے سے مسلح ملزمان نے اغوا کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ان کی بازیابی کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل محمد اویس کے اغوا کے بعد ملزمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل کی گئی تھی، جس میں پولیس کو دھمکیاں دی گئی تھیں۔ کانسٹیبل اویس نے دوران حراست اپنے ویڈیو بیان میں اپنی جان کو شدید خطرہ بھی ظاہر کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مغوی اہلکار کی بحفاظت بازیابی کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دیں۔
سرگودھا پولیس کی ٹیموں نے رات گئے تک ملکوال کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھیں۔ پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور مشتبہ افراد کی نگرانی بھی کی گئی، جبکہ مغوی اہلکار کی موجودگی سے متعلق ملنے والی اطلاعات پر کارروائیاں کی جاتی رہیں۔
پولیس کے مطابق میانہ گوندل کے قریب کارروائی کے دوران مغوی کانسٹیبل محمد اویس کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ اغوا کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔ کارروائی کے دوران مبینہ اغوا کار انعام وینس اور اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن مزید وسیع کر دیا ہے اور مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم کی نگرانی میں پولیس ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں اور مغوی اہلکار کی بازیابی کے لیے آپریشن کی نگرانی کی گئی۔ کانسٹیبل محمد اویس کی بحفاظت بازیابی کی اطلاع ملتے ہی ان کے اہلخانہ اور پولیس اہلکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل اویس کو اغوا کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری اور اغوا کے مکمل نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے بھی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سرگودھا کے تھانہ بھیرہ میں تعینات پولیس اہلکار محمد اویس اور دیگر پولیس ملازم انٹر چینج پولیس ناکہ جھگیاں جھمٹ ڈیوٹی پر تھے کہ کار سواروں نے حملہ کر کے فائرنگ کرتے ہوئے خوف وہراس پھیلا کر زبردستی سرکاری اسلحہ سمیت پولیس اہلکار اویس کو اغوا کر لیا اور فرار ہو گئے جس پر شہزاد ناصر عرف انعام وینس نامی مجرم اشتہاری نے اپنے ویڈیو بیان میں جرائم میں ملوث ہونے پر کارروائی نہ کرنے اور بیرون ملک انٹرپول کے زریعے زیر حراست بھائی کی مانگ رکھ دی تاہم پولیس تھانہ بھیرہ نے چاراغوا کاروں شہزاد نصر عرف انعام وینس، وقاص اور 2نامعلوم کے خلاف پولیس اہلکار محمد اویس کو اغوا کرنے کے الزام میں7ATA/365/324/392/353/186/34ت پ مقدمہ درج تھا۔














