لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور کا ایجنٹ مافیا اور بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایف آئی اے لاہور زون کے ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران گلبرگ کے علاقے سے ایم او ایف اے اپوسٹیل سے متعلق خدمات فراہم کرنے والی خاتون ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار خاتون کی شناخت خدیجہ سمیر کے نام سے ہوئی ہے، جو گلبرگ میں ایم او ایف اے اٹیسٹیشن سروسز کا دفتر چلا رہی تھی۔ ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کے دوران دفتر پر چھاپہ مارا، جہاں سے ایم او ایف اے اپوسٹیل سے متعلق اہم دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ کارروائی اینٹی کرپشن سرکل لاہور میں درج کیس نمبر 42/26 کے تحت عمل میں لائی گئی۔ حکام کی جانب سے گرفتار خاتون سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جبکہ معاملے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے بجلی چوری میں ملوث ایک اشتہاری ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت پرویز احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو ایف آئی اے کو سال 2024 سے مطلوب تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم بجلی چوری کے مقدمے میں مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ دونوں کیسز میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔













