لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے گاڑیوں کی جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کر دیں، نمبر پلیٹ پر ٹیپ، کپڑا یا کسی بھی طریقے سے نمبر چھپانے والی گاڑیاں بھی سیف سٹی کے ریڈار پر آ گئی ہیں۔پنجاب بھر میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ سرویلنس کے ذریعے مشکوک نمبر پلیٹس کی فوری شناخت کی جا رہی ہے، اے آئی بیسڈ کیمرے مشکوک نمبر پلیٹ کا سراغ لگا کر خودکار الرٹ جاری کرتے ہیں، جس کے بعد فوری کارروائی کے لیے قریبی فیلڈ فورس کو معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق جولائی کے دوران سیف سٹی کیمروں نے 100 سے زائد جعلی، کلون اور مشکوک گاڑیاں پکڑوائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی یا ٹیمپرڈ نمبر پلیٹ استعمال کرنے پر چالان کے ساتھ ساتھ دفعہ 420، 468، 471 اور 171 کے تحت مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق اصل نمبر پلیٹ چھپانا یا نمبرز میں ردوبدل کرنا قانوناً جرم ہے، جبکہ جعلی اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی گاڑی پر ہمیشہ اصل، درست اور سرٹیفائیڈ نمبر پلیٹ استعمال کریں۔ اگر کسی شہری کی نمبر پلیٹ کسی دوسری گاڑی پر استعمال ہو رہی ہو تو فوری طور پر 15 پر اطلاع دی جائے۔













