بہاول پور ( پنجاب پوسٹ ) بہاول پور میں ریلوے ایمپریس برج کے قریب دریا ستلج کے کنارے سیر و تفریح کے لیے آنے والا میاں بیوی کا جوڑا فوٹو سیشن کے دوران اچانک دریا میں جا گرا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر موجود ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر حرکت میں آئی اور دونوں افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دریا میں گرنے والے میاں بیوی کی شناخت 22 سالہ شاہ زمان ولد محمد رمضان اور 21 سالہ مصباح بی بی زوجہ شاہ زمان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق پرانی سبزی منڈی بہاول پور سے بتایا جا رہا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے کمال مہارت اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو دریا سے زندہ اور بحفاظت نکال لیا۔ ریسکیو ٹیم نے دریا میں گہرائی اور پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود امدادی کارروائی جاری رکھی اور دونوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
دریا سے نکالنے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے شاہ زمان اور مصباح بی بی کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں دونوں کو مزید طبی معائنے اور ضروری علاج کے لیے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بروقت امدادی کارروائی کے باعث دونوں میاں بیوی کی جان بچ گئی۔ واقعے کے بعد ریسکیو حکام نے شہریوں کو دریا کے کنارے سیر و تفریح کے دوران احتیاط برتنے اور خطرناک مقامات پر فوٹو سیشن سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔














