لاہور(پنجاب پوسٹ)محفوظ سفر اور منظم ٹریفک کلچر کے فروغ کے لیے لاہور ٹریفک پولیس متحرک ہے، حادثات میں کمی اور ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ اور لین لائن کی پابندی کے ساتھ سائیڈ ویو مررز کے استعمال سے متعلق خصوصی آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے۔سی ٹی او لاہور نے تمام سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو سائیڈ ویو مررز کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ اور آگاہی فراہم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:فیصل آباد، چار گھنٹے ریکی، دو گھنٹے آپریشن، 100 کلو برآمد جعلی مصالحہ کس برانڈ کا تھا؟
ٹریفک پولیس کے مطابق محفوظ ڈرائیونگ کے لیے موٹرسائیکلوں پر سائیڈ ویو مررز کا ہونا اور ان کا درست استعمال انتہائی ضروری ہے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور میں 82 لاکھ رجسٹرڈ وہیکلز موجود ہیں، جن میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں۔ ایکسیڈنٹ رپورٹ کے مطابق 70 فیصد جانی حادثات میں بلاواسطہ یا بالواسطہ موٹرسائیکل سواروں کی جان گئی، جس کے پیش نظر موٹرسائیکل سواروں کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اور ناگزیر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ سائیڈ ویو مررز لین تبدیل کرتے وقت پیچھے سے آنے والی ٹریفک کو دیکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور حادثات کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
اس حوالے سے سی ٹی او لاہور نے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کمپنیوں سے بھی ملاقات کی اور سائیڈ ویو مررز سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔موٹر سائیکل کمپنیوں کو ڈیٹیچ ایبل سائیڈ ویو مررز متعارف کرانے کی سفارش بھی کی گئی ہے، تاکہ مرر ٹوٹنے کی صورت میں مکمل راڈ تبدیل کرنے کے بجائے صرف شیشہ تبدیل کیا جاسکے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق سائیڈ ویو مررز کی آسان اور کم لاگت تبدیلی سے شہریوں کو سہولت ملے گی۔لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق محفوظ موٹرسائیکل سواری کے لیے ہیلمٹ، لین ڈسپلن اور سائیڈ ویو مررز کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ہی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہے۔













