وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ کا 36واں اجلاس، اہم فیصلوں کی منظوری

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 36 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم انتظامی، ترقیاتی اور عوامی فلاح کے متعدد فیصلے کیے گئے جبکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی گئی۔

اجلاس میں کچہ کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور بتایا گیا کہ گزشتہ نومبر سے ان علاقوں میں جرائم کی شرح صفر رہی ہے۔ 30 سال بعد اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم کا خاتمہ ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔ کابینہ نے کچہ کے علاقے میں پولیس کے لیے اسلحہ اور حفاظتی آلات کی خریداری کے لیے 1.1 ارب روپے کی منظوری دی، جبکہ تعینات نفری کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس اور شہداء کے پیکج میں نرمی کی بھی منظوری دی گئی۔ کچہ میں پہلی بار کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی خوشی کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں “اپنا کھیت اپنا روزگار” پروگرام کے تحت 30 ہزار پلاٹس کی الاٹمنٹ اور درخواست دہندگان کی بڑی تعداد پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ایک لاکھ 71 ہزار افراد نے درخواستیں جمع کروائیں جن میں سے 60 ہزار کو اہل قرار دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں گندم کی بوائی کی حوصلہ افزائی اور معاونت کی ہدایت جاری کی، جبکہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کو محکمہ تعلیم کے ساتھ منسلک کرنے اور اسے وزیر تعلیم کے ماتحت کرنے کی منظوری دی گئی۔ مزید برآں صوبہ بھر میں 900 سیکرٹری یونین کونسلز کی بھرتی کی منظوری بھی دی گئی اور سرکاری دکانوں کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی گئی۔

تعلیمی شعبے میں میٹرک امتحانات میں شفافیت کو سراہا گیا اور ٹاپ کرنے والی طالبہ کو مبارکباد دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ میٹرک امتحانات میں بیٹیوں کی کامیابی کا تناسب 78 فیصد رہا۔

کابینہ نے مون سون بارشوں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو سراہا، جبکہ نکاسی آب کے موثر انتظامات پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے ہر ضلع اور تحصیل تک الیکٹرک بسوں کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دسمبر تک 1100 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں عاشورہ محرم اور چہلم کے بہترین انتظامات پر متعلقہ وزراء اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ جیل اصلاحات، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اور دیگر شعبوں میں بہتری کو بھی سراہا گیا۔

کابینہ نے نیشنل ویٹ پالیسی 2026-2030 کے تحت سٹریٹجک ذخائر اور سٹاک مینجمنٹ کا جائزہ لیا، جبکہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ سے متعلق امور کے لیے چار رکنی وزارتی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل ہوئی اور عوام نے قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے، جبکہ اچھی فصل کے باوجود گندم کی کمی کا تاثر تشویش کا باعث ہے جسے دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے