صرف ایک کلک سے گاڑی، ڈرائیور اور گاڑی کے روٹ کا پتا لگا لیں، راولپنڈی، لاہور، ملتان میں میٹرو، اسپیڈو اور الیکٹرک بسوں میں نصب کیو آر پینک بٹن سسٹم کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم کی تنصیب کا عمل تیز کر دیا ہے، جس کے تحت لاہور، راولپنڈی اور ملتان کی تمام میٹرو، اسپیڈو اور الیکٹرک بسوں میں اس جدید نظام کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔

ترجمان سیف سٹیز کے مطابق میٹرو، اسپیڈو اور الیکٹرک بسوں کو باقاعدہ طور پر کیو آر پینک بٹن سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے مسافر دورانِ سفر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر سیف سٹی سے رابطہ قائم کر سکیں گے۔

اس نظام کے تحت مسافر جیسے ہی کیو آر پینک بٹن اسکین کریں گے، انہیں گاڑی، ڈرائیور اور متعلقہ روٹ کی تصدیق شدہ معلومات فوری طور پر دستیاب ہو جائیں گی۔ مزید برآں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری 15 پر کال، ویڈیو کال یا لائیو چیٹ کے ذریعے فوری مدد حاصل کر سکیں گے۔

سیف سٹیز حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں مسافر کی لائیو لوکیشن اور گاڑی کا مکمل ڈیٹا فوری طور پر سیف سٹی کنٹرول روم کو موصول ہوگا، جس کے بعد جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے فوری پولیس رسپانس کو یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی مرحلہ وار مزید پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو بھی اس جدید کیو آر پینک بٹن سسٹم سے منسلک کر رہی ہے، تاکہ شہریوں کو زیادہ محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیو آر پینک بٹن سسٹم پنجاب میں محفوظ، اسمارٹ اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے