کھڈیاں خاص (پنجاب پوسٹ) کھڈیاں خاص کے علاقے کالی پل کے قریب ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ایک نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق جبکہ اس کا دوست شدید زخمی ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں : قصور، اوباش نوجوان بے قابو، خواتین کیلئے باہر نکلنا مشکل
ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان ریلوے ٹریک پر موبائل فون سے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے تھے کہ اسی دوران اچانک آنے والی ٹرین کی زد میں آ گئے۔ حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کا دوست شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اسے مزید علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت جاوید (واپڈا ملازم) کے بیٹے کے طور پر ہوئی ہے، جو بستی رحیم الدین کا رہائشی تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرنے سمیت حادثے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس نے شہریوں، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ ریلوے ٹریک پر ویڈیوز یا تصاویر بنانے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی غیر ذمہ دارانہ سرگرمیاں قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں :ٹک ٹاک ویڈیو مہنگی پڑ گئی، پولیس یونیفارم پہننے والی خاتون گرفتار












