لاہور ( پنجاب پوسٹ) پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کو قتل کروانے والے مبینہ مرکزی ملزم کا نام سامنے آگیا ہے۔نارووال کے رہائشی زمان کوگی نے مبینہ طور پر شوٹرز کے ذریعے عبداللہ طاہر کو قتل کروایا۔عبداللہ طاہر اور زمان کوگی کے درمیان ریت کے ٹھیکے کے معاملے پر تنازع چل رہا تھا۔
نجی ٹی وی چینل سٹی فورٹو نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ زمان کوگی نے عبداللہ طاہر کو نارووال میں ریت کا ٹھیکہ لینے سے منع کیا تھا، تاہم عبداللہ طاہر نے مبینہ طور پر اس کے باوجود ٹھیکہ حاصل کیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان رنجش پیدا ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اسی رنجش کی بنیاد پر زمان کوگی نے مبینہ طور پر شوٹرز کے ذریعے عبداللہ طاہر کو قتل کروایا۔
پولیس حکام کے مطابق مبینہ ملزم زمان کوگی اس وقت امریکہ میں مقیم ہے، جبکہ اس کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ وارنٹ جاری ہونے کے بعد ملزم کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں : لاہور: ذاتی دشمنی یا ٹارگٹ کلنگ ؟ پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر کا قتل، اب تک کیا سامنے آیا؟













