لاہور(پنجاب پوسٹ) چہلم حضرت امام حسینؑ، حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس اور آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب پولیس نے بڑے پیمانے پر نفری طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایات پر اے آئی جی ٹریننگ پنجاب نے متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے مجموعی طور پر 6 ہزار 296 اہلکاروں کو مختلف تربیتی مراکز سے سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے طلب کر لیا ہے۔
مراسلے کے مطابق پولیس کالج چوہنگ، پولیس کالج سہالہ، پولیس ٹریننگ کالج ملتان اور پولیس ٹریننگ اسکولز (پی ٹی ایس) فاروق آباد، سرگودھا اور راولپنڈی سے زیر تربیت اہلکاروں کو فوری طور پر سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے ریلیو کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ حساس مذہبی اور انتخابی سرگرمیوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔
دستاویزات کے مطابق پولیس کالج سہالہ سے 1,275، پولیس ٹریننگ کالج ملتان سے 487، پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ سے 453، پی ٹی ایس فاروق آباد سے 2,361، پی ٹی ایس سرگودھا سے 869 جبکہ پی ٹی ایس راولپنڈی سے 851 اہلکار طلب کیے گئے ہیں۔ تمام اہلکاروں کو متعلقہ اضلاع اور یونٹس میں سکیورٹی ذمہ داریاں سونپنے کے لیے واپس بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق طلب کی گئی نفری چہلم حضرت امام حسینؑ کے جلوسوں اور مجالس، حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات اور آزاد کشمیر انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز سمیت دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی فرائض انجام دے گی۔ پنجاب پولیس نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ اہلکاروں کی بروقت روانگی اور تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔












