لاہور (پنجاب پوسٹ) حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 983ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا۔ سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متعدد اہم شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لیے بند جبکہ متبادل راستوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز، 111 ٹریفک انسپکٹرز اور 900 سے زائد ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی انجام دیں گے۔ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 15 فوک لفٹرز اور 4 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کی گئی ہیں، جبکہ زائرین کی گاڑیوں کے لیے 5 خصوصی پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پلان کے مطابق کچہری چوک، بھاٹی چوک، پیر مکی سے داتا دربار تک، لوئر مال روڈ اور دیگر ملحقہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔ شاہدرہ، چوبرجی، ایم اے او کالج، موری گیٹ، ٹیکسالی، آزادی چوک اور دیگر مقامات سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل راستہ ایف ایم اور راستہ ایپ سے ٹریفک کی تازہ صورتحال معلوم کریں اور کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔












