لاہور(پنجاب پوسٹ)جشنِ آزادی کی آمد کے ساتھ ہی شہرِ لاہور کے بازاروں میں رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں، جہاں سبز و سفید رنگوں کی بہار نے شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ اردو بازار سمیت مختلف تجارتی مراکز میں قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، باجے، سبز و سفید ٹی شرٹس اور دیگر سجاوٹی سامان کی دکانیں خوب سجائی گئی ہیں، جبکہ یومِ آزادی کی مناسبت سے خریداری کا سلسلہ بھی زور و شور سے جاری ہے۔
لاہور کے معروف تجارتی مراکز، خصوصاً اردو بازار، انارکلی، شاہ عالم مارکیٹ، اچھرہ بازار اور دیگر کاروباری علاقوں میں جشنِ آزادی کی تیاریوں کا جوش و خروش نمایاں نظر آ رہا ہے۔ دکانوں پر ہر عمر کے افراد کی دلچسپی کے مطابق مختلف اقسام کے قومی پرچم، گاڑیوں اور گھروں کی سجاوٹ کا سامان، بیجز، اسٹیکرز، کیپس، باجے، ربن، جھنڈیاں اور سبز و سفید ملبوسات دستیاب ہیں، جنہیں خریدنے کے لیے شہری بڑی تعداد میں بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی قومی اتحاد، یکجہتی اور وطن سے محبت کے اظہار کا دن ہے، جسے بھرپور انداز میں منانے کے لیے وہ اپنے گھروں، دفاتر، دکانوں اور گاڑیوں کو قومی پرچموں اور سبز و سفید سجاوٹ سے آراستہ کر رہے ہیں۔ بچوں اور نوجوانوں میں بھی جشنِ آزادی کا خصوصی جوش پایا جا رہا ہے اور وہ قومی پرچم، بیجز اور دیگر اشیا خریدنے میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ اگست کا آغاز ہوتے ہی کاروباری سرگرمیوں میں واضح تیزی آ گئی ہے۔ ان کے مطابق ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی جشنِ آزادی کی خریداری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ 14 اگست قریب آنے کے ساتھ خریداروں کی تعداد مزید بڑھنے کی توقع ہے۔ دکانداروں نے بتایا کہ مختلف قیمتوں میں قومی پرچم اور سجاوٹی سامان دستیاب ہے تاکہ ہر طبقے کے لوگ اپنی استطاعت کے مطابق جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
بازاروں میں سبز و سفید رنگوں کی دلکش سجاوٹ، قومی نغموں کی گونج اور خریداروں کی غیرمعمولی آمد نے جشنِ آزادی کا ماحول مزید خوشگوار بنا دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آزادی کی خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ قومی پرچم اور قومی شعائر کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے، اور یومِ آزادی ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور وطن سے محبت کا پیغام دیتا ہے۔












