وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر مون سون فلڈ الرٹ، پنجاب بھر میں 24/7 نگرانی، بارشوں اور نقصانات پر فیکٹ شیٹ جاری

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیشِ نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق تفصیلی فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔ فیکٹ شیٹ میں حالیہ بارشوں، دریاؤں اور ڈیموں کی صورتحال، نقصانات، امدادی اقدامات اور آئندہ چند روز کی موسمی پیش گوئی شامل کی گئی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ اٹک میں 75 ملی میٹر، سیالکوٹ 67، جوہرآباد 56، لاہور 46، سرگودھا 44 اور خوشاب میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مری میں 21، راولپنڈی پیرودھائی 17، نارووال 15، چنیوٹ اور میانوالی میں 7،7 ملی میٹر بارش ہوئی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پیشگی انتظامات، مشینری کی بروقت دستیابی اور متعلقہ اداروں کی مؤثر حکمت عملی کے باعث ریکارڈ بارشوں کے باوجود شہری علاقوں میں کم سے کم وقت میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا اور بارشی پانی کے فوری اخراج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ اس وقت دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے، تاہم دیگر بڑے دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

فیکٹ شیٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 85 فیصد، منگلا ڈیم میں 54 فیصد، تھین ڈیم میں 46 فیصد، اقر پونگ ڈیم میں 40 فیصد جبکہ بھاکڑا ڈیم میں 37 فیصد تک پانی موجود ہے اور متعلقہ ادارے ان آبی ذخائر کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 45 شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 279 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 33 افراد بوسیدہ عمارتیں گرنے، 6 افراد ڈوبنے، 4 افراد کرنٹ لگنے اور 2 افراد آسمانی بجلی گرنے کے باعث جان سے گئے۔ڈی جی سیف انور جپہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بچوں کو برساتی نالوں، دریاؤں، نہروں اور نشیبی علاقوں میں نہانے یا جانے سے روکیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صوبے بھر کی صورتحال کی 24 گھنٹے، ساتوں دن مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔

152843

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے