لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب ٹریفک پولیس کی وردی ایک بار پھر تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ٹریفک پولیس اب گرے یونیفارم کے بجائے سفید شرٹ اور نیوی بلیو پینٹ پہنے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور ٹریفک پولیس کو نئی وردی فراہم کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں پنجاب بھر کی ٹریفک پولیس کو نئے یونیفارم پر منتقل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ٹریفک پولیس کیلئے 12 ہزار نئی یونیفارمز کی خریداری کی منظوری دے دی ہے، رواں مالی سال میں نئے یونیفارم کی خریداری مکمل کی جائے گی۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ سال بھی لاہور ٹریفک پولیس کی یونیفارم تبدیل کرکے اہلکاروں کو نئی وردی فراہم کی گئی تھی۔ سابق سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے یونیفارم کی خریداری کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو فی کس 5 ہزار روپے فراہم کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کی وردی تبدیل کرنے کی منظوری گزشتہ سال ہی دی گئی تھی، جبکہ رواں ہفتے ٹریفک پولیس سمیت پنجاب پولیس کے دیگر یونٹس کیلئے یونیفارم کی خریداری کے سلسلے میں پری کوالیفکیشن کا عمل شروع کیے جانے کا امکان ہے۔












