لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں مون سون بارشوں اور دریاؤں کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ کے بعض مقامات اور چند ندی نالوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جبکہ آئندہ دنوں مزید بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کی سطح پر ہے، جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کالا باغ پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 63 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ کے مقام پر 2 لاکھ 94 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، تاہم وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 3600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی جپہ نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا امکان موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی برقرار ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں جہاں متاثرہ افراد کو رہائش، خوراک، طبی سہولیات اور ضروری ادویات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے کناروں پر غیر ضروری سیروتفریح سے گریز کریں اور بچوں کو ہرگز دریاؤں یا برساتی نالوں میں نہانے کی اجازت نہ دیں۔














