لاہور (پنجاب پوسٹ ) لاہور: پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم نے پیر کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے قائم مقام وائس چانسلر کے عہدے کا اضافی چارج سنبھال لیا۔ ان کی تقرری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن (SHC&ME) ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 21 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے تحت عمل میں آئی۔
پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم میڈیکل تعلیم، تحقیق اور یونیورسٹی انتظامیہ میں وسیع تجربہ رکھنے والی سینئر ماہرِ تعلیم ہیں۔ وہ اس وقت یو ایچ ایس کے شعبہ ماربڈ اناٹومی اینڈ ہسٹوپیتھولوجی کی پروفیسر اور سربراہ ہیں، جبکہ اس سے قبل تین سال تک پرو وائس چانسلر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں جنرل پریکٹشنرز کی جدید تربیت کا آغاز، یو ایچ ایس اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میں معاہدہ
اپنے طویل تعلیمی کیریئر کے دوران انہوں نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار سمیت متعدد اہم انتظامی عہدوں پر فرائض سرانجام دیے، جس کے باعث انہیں تعلیمی، امتحانی اور انتظامی امور کا گہرا تجربہ حاصل ہے۔
ڈاکٹر نادیہ نسیم علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کی گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے ہسٹوپیتھولوجی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ بطور محقق وہ 70 سے زائد تحقیقی مقالے شائع کر چکی ہیں اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر متعدد ریسرچ گرانٹس، فیلوشپس اور ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نسیم کو یہ ذمہ داری یو ایچ ایس کے سابق وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی چار سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد عارضی طور پر سونپی گئی ہے، جب تک مستقل وائس چانسلر کی تقرری عمل میں نہیں آتی۔
مزید پڑھیں : خواتین کھلاڑیوں کی ہنگامہ آرائی، پنجاب یونیورسٹی اور لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی پر بڑی پابندی لگ گئی













