لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب میں پرائمری ہیلتھ کیئر نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جنرل پریکٹشنرز کے لیے چھ ماہ پر مشتمل "سرٹیفکیٹ اِن فیملی میڈیسن پروگرام” شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ( پی ایچ سی ) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے گئے۔
معاہدے کے تحت جنرل پریکٹشنرز کو جدید طبی تقاضوں سے ہم آہنگ شواہد پر مبنی علاج (Evidence-Based Medicine)، مریضوں کی حفاظت ، کلینیکل گورننس اور معیاری طبی خدمات کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ تربیت کا انعقاد یو ایچ ایس سے منسلک تدریسی ہسپتالوں اور پنجاب بھر کے منظور شدہ تربیتی مراکز میں کیا جائے گا۔
پروگرام میں بیسک لائف سپورٹ (بی ایل ایس)، ایڈوانسڈ لائف سپورٹ (اے ایل ایس)، ٹراما اور ایمرجنسی مینجمنٹ، نوزائیدہ بچوں کی نگہداشتاور زچہ کی نگہداشت سمیت خصوصی سرٹیفکیشن کورسز بھی شامل ہوں گے۔ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے امیدواروں کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن معیارِ علاج، مریضوں کی حفاظت، انفیکشن کنٹرول، کلینیکل گورننس اور ٹرینرز کی تربیت کے شعبوں میں مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرے گا تاکہ پروگرام بین الاقوامی معیار کے مطابق چلایا جا سکے۔
اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ فیملی فزیشنز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے سے عوام کو اپنے علاقوں میں معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بھی کم ہوگا۔
چیف سروسز آفیسر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز نے کہا کہ یہ پروگرام جنرل پریکٹشنرز کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کو نئی سمت دے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن یو ایچ ایس کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا اور مستقبل میں مزید خصوصی سرٹیفکیٹ کورسز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔














