ناروال (پنجاب پوسٹ) نارووال کی ممتاز مذہبی و سماجی شخصیت پیر سید اعجاز الحسن شاہ نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 37 جموں 4 سے مرکزی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار عثمان علیم کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے انہیں کامیاب بنانے کی اپیل کردی۔ حمایت کا اعلان عثمان علیم کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع کے دوران کیا گیا۔
مزید پڑھیں : آزاد کشمیر الیکشن: آئی پی پی اور مرکزی مسلم لیگ کا انتخابی اتحاد
جلسے سے مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، سابق وفاقی وزیر چوہدری دانیال عزیز، امیدوار عثمان علیم، مرکزی مسلم لیگ نارووال کے جنرل سیکرٹری عرفان مہیس اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، جبکہ کارکنان، معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے عثمان علیم کی حمایت کا اظہار کیا۔
پیر سید اعجاز الحسن شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نارووال اور شکرگڑھ کے عوام ہمیشہ اصولی سیاست اور حق کا ساتھ دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام دیانت دار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار قیادت کا انتخاب کریں۔ انہوں نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ پولنگ کے روز انتخابی نشان کرسی پر مہر ثبت کرکے عثمان علیم کو کامیاب بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں : کشمیر انتخابات، ضلع ننکانہ صاحب میں 4 پولنگ اسٹیشن قائم، ووٹرز کتنے ہیں؟
ڈاکٹر مزمل اقبال و چوہدری دانیال عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برسوں سے اقتدار پر قابض عناصر نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے علاقے کو پسماندگی اور محرومیوں کی طرف دھکیلا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی نمائندگی کو سیاسی مفادات کی نذر کرنے والوں کا احتساب ووٹ کی طاقت سے کیا جائے اور خدمت کے جذبے سے میدان میں آنے والے امیدواروں کا ساتھ دیا جائے۔
عثمان علیم نے کہا کہ وہ عوام کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور حلقے کے مسائل کے مستقل حل، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان کرسی عوامی خدمت، دیانت اور مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔ عوام کا اعتماد ان کا سرمایہ ہے اور وہ ہر حال میں اس پر پورا اتریں گے۔












