لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ای چالان میں "سینچری” کرنے والے موٹرسائیکل سوار کو پکڑ لیا۔ ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بھاری جرمانوں کے باوجود ادائیگی نہ کرنے والے شہری کے خلاف یہ کارروائی ای چالاننگ اور انفورسمنٹ مہم کا حصہ ہے۔
بند روڈ پر ڈیوٹی پر مامور پٹرولنگ آفیسر عدنان نے معمول کی چیکنگ کے دوران ای چالان کے ریکارڈ کی جانچ کی تو انکشاف ہوا کہ ایک شہری کے نام دو موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں جن پر مجموعی طور پر 124 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی۔ پٹرولنگ آفیسر نے موقع پر ہی موٹرسائیکل سوار کو روک لیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا عالمی اعزاز، آئی جی پنجاب کی ایم ڈی احسن یونس کو مبارکباد
ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکل مالک نے 109 مرتبہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلائی جبکہ 15 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی۔ ایک موٹرسائیکل پر ایک لاکھ 64 ہزار 800 روپے جبکہ دوسری موٹرسائیکل پر 64 ہزار 200 روپے جرمانہ واجب الادا ہے۔ یوں مجموعی جرمانہ 2 لاکھ 29 ہزار روپے بنتا ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منظم ٹریفک کے حصول کے لیے ای چالان اور ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ اسی سلسلے میں ای چالان کے نادہندہ سرکاری محکموں کو کلیئرنس کے لیے مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق شہر لاہور میں 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر (ANPR) کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔سید عبدالرحیم شیرازی نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ای چالان سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔












