لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس نے خاتون اور اس کے بیٹے پر تیزاب پھینکنے کے ملزم انصاف علی کو شریک ملزمہ بیٹی سمیت فیصل آباد سے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان روہی نالہ کے قریب اس وقت خاتون پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گئے جب وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ فیکٹری سے چھٹی کے بعد گھر جا رہی تھیں۔
تیزاب سے خاتون کی گردن، کمر اور دونوں ٹانگیں متاثر ہوئیں، جبکہ بچے کا دایاں بازو بھی جھلس گیا۔ متاثرہ ماں بیٹے کا جنرل ہسپتال میں علاج جاری ہے۔متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ نمبر 9358/26 درج کر لیا گیا ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزم انصاف علی سے تفتیش جاری ہے، جبکہ شریک ملزمہ بیٹی بھی زیر حراست ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خواتین کے تحفظ سے متعلق ریڈ لائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھریلو تنازعات کا حل تشدد نہیں، اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ خواتین کی جان، عزت اور تحفظ پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کے تشدد، دھمکی یا خطرے کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں، کیونکہ بروقت اطلاع کسی بڑے سانحے سے بچاؤ کا ذریعہ بن سکتی ہے۔











