کشمیر انتخابات، ضلع ننکانہ صاحب میں 4 پولنگ اسٹیشن قائم، ووٹرز کتنے ہیں؟

ننکانہ صاحب(پنجاب پوسٹ) چہلم حضرت امام حسینؓ، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اور یومِ آزادی کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد کی مشترکہ صدارت میں الائیڈ ارینجمنٹ اجلاس منعقد ہوا۔


اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ امن و امان، سیکیورٹی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، ایمرجنسی رسپانس اور عوامی سہولیات سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔


ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے ہدایت کی کہ حساس مقامات پر سیف سٹی کیمروں کی تنصیب اور فعالیت یقینی بنائی جائے، جبکہ جلوسوں کے راستوں، امام بارگاہوں، پولنگ اسٹیشنز اور دیگر اہم مقامات پر صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی و ریسکیو آلات ہر وقت دستیاب رکھے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 10 ڈویژن کے 485 دیہات کیسے ماڈل ویلج بنائے جائیں گے؟


اجلاس کو بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے ضلع ننکانہ صاحب میں مجموعی طور پر چار پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جن میں دو تحصیل ننکانہ، جبکہ ایک ایک پولنگ اسٹیشن تحصیل سانگلہ ہل اور شاہکوٹ میں قائم ہوگا۔


ڈپٹی کمشنر نے ووٹرز کی سہولت کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر ٹرانسپورٹ، میڈیکل کیمپس، ہیٹ ویو ریلیف کیمپس، ریسکیو 1122، واک تھرو گیٹس اور پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔


ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ چہلم، کشمیر انتخابات اور یومِ آزادی کے موقع پر جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے تمام تقریبات اور انتخابی عمل کو پرامن، شفاف اور محفوظ بنایا جائے گا، جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے