کلرکہار (پنجاب پوسٹ)انسٹاگرام پر شروع ہونے والی دوستی چھ سال بعد شادی کے بندھن میں بدل گئی۔ کلرکہار کے قوتِ سماعت سے محروم نوجوان نبیل اعوان اور اٹلی کی رہائشی ارورا وولپ نے اشاروں کی زبان کے ذریعے ایک دوسرے کو سمجھا اور سرحدوں کی دوری کو اپنے رشتے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔
اطالوی دلہن محبت کی خاطر پاکستان پہنچیں تو لاہور ایئرپورٹ پر دولہا نبیل اعوان کے اہلخانہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں خاندانوں کی رضامندی سے قانونی تقاضے پورے کیے گئے، جس کے بعد دونوں نے کورٹ میرج کی۔
بعد ازاں کلرکہار میں شادی کی تقریب منعقد ہوئی، جبکہ ایک مقامی ہوٹل میں دعوتِ ولیمہ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں دولہا کے اہلخانہ، رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
اہلخانہ کے مطابق دولہا اور دلہن دونوں قوتِ سماعت سے محروم ہیں، تاہم ایک دوسرے کا ساتھ ملنے پر بے حد خوش ہیں۔ دلہن نے پاکستانی لباس زیب تن کر کے مقامی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا اور مقامی لوگوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔












