لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو شہری سے دیہاڑی لگانا مہنگا پڑ گیا ۔ حوالات کی ہوا بھی کھانا پڑی اور نوکری سے بھی ہاتھ دھونا پڑ گئے ۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس اہلکاروں کی رشوت ستانی پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری ایکشن لیا ۔رشوت لینے والے پولیس وردی میں ملبوس اہلکار گرفتار کرلیا ہے اور اسکے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ فیروز پور روڈ پر شہری سے رشوت لینے کی شکایت درست ثابت ہوئی، حاضر سروس اہلکار خرم اور سابق اہلکار احسن نواز نے شہری کو ہراساں کیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار خرم، سکیورٹی برانچ میں تعینات تھا، گرفتار کر لیا گیا،اہلکار احسن نواز پہلے ہی ڈسمس فرام سروس تھا۔
یہ بھی پڑھیں : کرپشن فری پنجاب، سرائے مغل سے پٹواری رنگے ہاتھوں گرفتار ، تحصیلدار فرار ہو گیا
ڈی آئی جی آپریشنز نے ملوث حاضر سروس اہلکار کو فوری نوکری سے برخاست کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، اختیار کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔قانون سب کے لیے برابر، پولیس اہلکار بھی احتساب سے بالاتر نہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ایک اہلکار کی بدعنوانی پوری فورس کی ساکھ متاثر کرتی ہے، شہری بلا خوف و خطر رشوت یا بدعنوانی کی فوری اطلاع دیں، لاہور پولیس میں دیانتداری اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔
مزید پڑھیں: قیدیوں پر تشدد، رشوت اور سفارشی کلچر نہیں چلے گا، نئے آئی جی جیل نے بڑے احکامات جار کر دئیے















