لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا شرجیل میمن کے بیان پر ردعملوزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ہر رہنما نے قسم کھائی ہے کہ جہاں جانا ہے مسلم لیگ (ن) پر ہی تنقید کرنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : Happy BirthDay President Zardari ، شکر کریں آپ کو مینار پاکستان جلسے کی خفت سے نجات مل گئی، عظمیٰ بخاری
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا پیپلز پارٹی کی قیادت کے پاس اپنی 17 سالہ صوبائی حکومت کی کارکردگی بتانے کے لیے کچھ نہیں؟ اگر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات میں سنجیدہ ہوتی تو بلاول بھٹو اپنے شیڈول کے جلسے منسوخ کر کے نہ بھاگتے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے گزشتہ مایوس کن جلسے کی خفت مٹانے کے لیے اپنے شیڈول جلسے منسوخ کیے۔ ایک صوبے میں 17 سال حکومت کرنے کے باوجود مخالف امیدواروں کو غائب کروانے والے ہمیں بتائیں گے کہ الیکشن کون جیت کر آیا؟
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آپ لوگ کشمیریوں کو الیکٹرک بسیں اور کلینک آن ویلز ملنے پر اتنے تپے ہوئے کیوں ہیں؟ پیپلز پارٹی 17 سال میں سندھ کو ٹرانسپورٹ سسٹم نہیں دے سکی، جبکہ مریم نواز نے صرف 18 ماہ میں پورے پنجاب میں الیکٹرک بسیں چلا دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کے ہر منصوبے میں باقی صوبے بھی شامل ہوتے ہیں۔ مریم نواز نے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بچوں کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس بھی دی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کو ریلیف ملے تو آپ رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں، اور آزاد کشمیر کے لوگوں کو ریلیف ملے تو بھی آپ لوگوں کو اعتراض ہوتا ہے۔ آخر پیپلز پارٹی کا مسئلہ کیا ہے، ہمیں ایک ہی بار بتا دیں۔















