قیدیوں پر تشدد، رشوت اور سفارشی کلچر نہیں چلے گا، نئے آئی جی جیل نے بڑے احکامات جار کر دئیے

لاہور( پنجاب پوسٹ ) آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے جیلوں کو محفوظ، شفاف اور جدید نظام کے مطابق چلانے کے لیے 9 نکاتی اصلاحاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے، جس میں قیدیوں پر تشدد، کرپشن، سفارش اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تمام ڈی آئی جیلز اور سپرنٹنڈنٹس کو جاری مراسلے کے مطابق پنجاب کی ہر جیل میں 24 گھنٹے فعال سی سی ٹی وی کنٹرول روم قائم کرنا لازمی ہوگا، جبکہ سپرنٹنڈنٹس خود نگرانی کے نظام کی مانیٹرنگ کریں گے تاکہ سکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مراسلے میں واضح ہدایت دی گئی ہے کہ قیدیوں پر کسی بھی قسم کا تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تشدد یا بدسلوکی کی شکایت موصول ہونے پر فوری انکوائری کی جائے گی اور ذمہ دار افسران یا اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت جیلوں میں سرپرائز سرچ آپریشنز، لاک اپ سسٹم اور قیدیوں کی نقل و حرکت کو مزید سخت ضابطوں کے تحت لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ سکیورٹی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

آئی جی جیل خانہ جات نے قیدیوں کو باعزت ماحول، صاف رہائش، معیاری طبی سہولیات اور شفاف ملاقات کے نظام کی فراہمی پر بھی زور دیا ہے۔ ساتھ ہی قیدیوں کی بحالی اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے موبائل ریپئرنگ، ویلڈنگ، کمپیوٹر لٹریسی سمیت 15 مختلف فنی مہارتوں کی تربیت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں جیل عملے کی فلاح و بہبود کو بھی ترجیح دیتے ہوئے فنرل گرانٹ، اسکالرشپ اور دیگر فلاحی کیسز فوری نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کرپشن، سفارش اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

اصلاحاتی منصوبے کے تحت ڈی آئی جیلز ہر ماہ جیلوں کا معائنہ کریں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کا کہنا ہے کہ مقصد پنجاب کی جیلوں کو محفوظ، منظم، شفاف اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اصلاحی اداروں میں تبدیل کرنا ہے، جہاں قانون کی بالادستی، انسانی وقار اور احتساب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے