راولپنڈی ( پنجاب پوسٹ ) آزادکشمیر میں ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات مرحلہ وار ہونگے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ کل پیر کے روز ہوگی،انتخابی مہم کا وقت ختم، پرامن انتخابات کیلئے سیکورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
سیکورٹی انتظامات
18 ہزار 560 سیکورٹی اہلکار تعینات کیے جائینگے، ڈویژن بھر میں 2554 پولنگ اسٹیشن اور 3701 پولنگ بوتھ قائم کر دیئے گئے جس میں سے1241 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس، 724 کو حساس اور 351 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ سیکورٹی کی نگرانی کیلئے پورے ڈویژن میں 13 زونز اور 205 سیکٹرز قائم اور سکیورٹی کا تین سطحی نظام تشکیل دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی مداخلت پر الیکشن کمیشن برہم
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نےوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے آزاد کشمیر کیلئے 10 جدید الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کے اعلان پر انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے،
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کسی بھی فرد یا ادارے کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی، وفاقی اور صوبائی وزرا آزاد کشمیر میں انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں، اسی طرح وفاقی حکومت یا کسی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے دوران انتخابات بھیجی جانے والی گاڑیاں، سامان، امدادی اشیا یا کسی بھی نوعیت کی سہولیات ضبط کر لی جائیں گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
پولنگ کن علاقوں میں ہوگی؟ ووٹرز کی تعداد کیا ہے؟
آزادکشمیر میں ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات مرحلہ وار ہونگے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں ووٹنگ پیر کے روز ہوگی، میرپور ڈویژن میں 14 لاکھ ایک ہزار 439 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے، ضلع کوٹلی کی 6 نشستوں کیلئے 6 لاکھ 47 ہزار مرد و خواتین ووٹرز ، ضلع بھمبر کی تین نشستوں پر 3لاکھ 42 ووٹرز جبکہ ضلع میرپور کی چار نشستوں پر 4لاکھ 11 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے، ضلع کوٹلی میں مسلم لیگ ن آزادکشمیر، پیپلز پارٹی آزادکشمیر، استحکام پاکستان پارٹی، سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے 135 امیدواران میدان میں ہیں ، اسی طرح بھمبر کی تین نشستوں پر 63 امیدوار جبکہ ضلع میرپور کی چار نشستوں کیلئے 98 امیدواران پنجہ آزمائی میں مصروف ہیں۔
میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوار عام انتخابات 2026 میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں حلقہ LA-3 میرپور سٹی سے سب سے زیادہ 34 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ LA-10 کوٹلی سے 29، LA-7 بھمبر سے 28، LA-13 کھوئیرٹہ سے 27، LA-2 چکسواری؍اسلام گڑھ اور LA-11 سہنسہ سے 24، 24 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسی طرح LA-8 راج محل سے 21، LA-1 ڈڈیال سے 20، LA-4 کھڑی شریف سے 19، LA-5 برنالہ سے 18، LA-6 سماہنی سے 17، LA-12 چڑھوئی سے 15 جبکہ LA-9 فتح پور تھکیالہ سے 12 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔













