لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر دریاؤں کا بہاؤ مستحکم رہا۔مون سون بارشوں نے پنجاب میں دریاؤں کے تیور بدل دیے ہیں۔ دریائے سندھ اور چناب سمیت مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کئی مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ پی ڈی ایم اے نے دریا کنارے آباد شہریوں کو فوری احتیاط اور محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے الرٹ رہنے کا کہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 42 ہزار کیوسک، کالا باغ پر 3 لاکھ 9 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ کے مقام پر 2 لاکھ 93 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:چنیوٹ میں مون سون کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ، دریاؤں اور آبی ذخائر میں نہانے پر پابندی
ادھر دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی آ رہی ہے اور سیلابی صورتحال اونچے درجے سے کم ہو کر درمیانے درجے تک پہنچ گئی ہے۔ مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 8 ہزار کیوسک، خانکی پر ایک لاکھ 65 ہزار کیوسک جبکہ قادر آباد پر ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 83 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقامات پر صورتحال نارمل قرار دی گئی ہے۔نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ ارا کینٹ بریج ناکہ ون اور وزیر آباد نالہ ون میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال موجود ہے، جس پر متعلقہ ادارے مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کے مطابق بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا، تاہم دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشیں رک چکی ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں سے چناب میں پانی کا بہاؤ مستحکم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور مون سون کا دوسرا اسپیل: کس علاقے میں کتنی بارش ریکارڈ ہوئی؟
انہوں نے دریا کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ موسم اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، دریاؤں کی کراسنگ صرف معیاری کشتیوں اور لائف جیکٹس کے ساتھ کریں اور بچوں کو ہرگز دریاؤں، نہروں یا ندی نالوں میں نہانے نہ دیں۔















