چنیوٹ میں مون سون سیزن کے باعث شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے اہم حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق دریائے چناب اور دیگر تمام آبی ذخائر میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بغیر لائسنس یافتہ سوئمنگ پولز کے تفریحی استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور مون سون کا دوسرا اسپیل: کس علاقے میں کتنی بارش ریکارڈ ہوئی؟
حکام کے مطابق یہ پابندیاں 18 جولائی سے آئندہ 30 روز تک نافذ العمل رہیں گی، جن کا مقصد ممکنہ حادثات سے بچاؤ اور عوام کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے خبردار کیا ہے کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔












