ساہیوال (پنجاب پوسٹ) نواحی علاقے چک 138 نو ایل میں گردے کے مرض میں مبتلا ایک شہری کو اس کے چچا زاد بھائی نے ٹرانسپلانٹ کا جھانسہ دے کر 17 لاکھ 57 ہزار روپے سے محروم کر دیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ زمیندار محمد ارشد نے مقدمہ درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا چچا زاد بھائی زاہد امیر اسے ڈائیلاسز سے نجات دلانے اور گردے کی پیوندکاری کروانے کے بہانے اسلام آباد لے گیا۔ ملزم نے ٹرانسپلانٹ کے اخراجات کی مد میں اس سے 17 لاکھ 57 ہزار روپے نقد وصول کیے۔
شکایت کے مطابق رقم وصول کرنے کے بعد ملزم مسلسل ٹرانسپلانٹ کا عمل مؤخر کرتا رہا اور بعد ازاں رقم لے کر فرار ہو گیا۔
واقعے پر تھانہ ڈیرہ رحیم پولیس نے متاثرہ شہری کی مدعیت میں ملزم زاہد امیر کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم آخری اطلاعات تک ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں اسطرح کا ایک واقعہ ہوا جس میں ایک نوجوان نے کاروبار کا جھانسہ دے کر اپنے ہی دوست کا گردہ بیچ دیا۔
مزید پڑھیں: پتوکی: سہانے مستقبل کے خواب دکھا کر، دوست نے دوست کا گردہ بیچ ڈالا













