مون سون بارشوں کے پیش نظر وزیر ہاؤسنگ پنجاب کا واسا اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ، نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کی ہدایت

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے مون سون بارشوں کے پیش نظر واسا پنجاب، تمام ایم ڈیز اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں بارش کے دوران اور بعد نکاسی آب کے عمل کو بروقت، مؤثر اور بلا تعطل یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیر ہاؤسنگ نے ڈی جی واسا پنجاب اور تمام منیجنگ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں، نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی کریں اور ہر صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور دیگر حساس مقامات پر اضافی مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس اور عملہ پہلے سے تعینات رکھا جائے تاکہ بارش کا پانی فوری طور پر نکالا جا سکے۔

بلال یاسین نے واضح کیا کہ واسا کی مون سون ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں چوبیس گھنٹے فعال اور الرٹ رہیں گی، جبکہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، جنریٹرز، ڈی واٹرنگ مشینوں اور دیگر آپریشنل آلات کی مکمل فعالیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران اور اس کے فوراً بعد پانی کے انخلا کے لیے تیار کردہ آپریشنل پلان پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور کسی بھی مقام پر پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے۔

وزیر ہاؤسنگ نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے واسا کی ہیلپ لائنز اور کنٹرول رومز کو ہنگامی بنیادوں پر فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات پر فوری رسپانس دیا جائے اور متعلقہ افسران مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

بلال یاسین نے خبردار کیا کہ نکاسی آب مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران بچوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے دیں، بجلی کی تنصیبات، کھلے تاروں، زیر تعمیر عمارتوں، نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والی جگہوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ وزیر ہاؤسنگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے