پنجاب میں مون سون کا دوسرا اسپیل، برسات میں حادثات، متعدد دیواریں اور مکانات گر گئے

لاہور ( پنجاب پوسٹ )پنجاب میں موسلا دھار بارشوں اور آندھی سے مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر حادثات کے باعث متعدد افراد جان سے گئے اور زخمی ہوگئے، جبکہ متعلقہ اداروں نے امدادی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

گوجرانوالہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا، جہاں چھتیں اور دیواریں گرنے کے 8 مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے، جبکہ کرنٹ لگنے کے 3 واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔ کامونکی میں انڈر پاس میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔

پاکپتن میں کچی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جبکہ ساہیوال کے علاقے کوٹ خادم علی شاہ میں چھت گرنے سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ ہڑپہ میں دکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

لاہور کے علاقے بند روڈ، گلشن راوی کے قریب چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔مزید برآں لاہور کے علاقے مانگا رائیونڈ روڈ پر شیل پیٹرول پمپ کے قریب ٹی آر گارڈر سے بنی ایک رہائشی چھت گرنے کے واقعے میں چار افراد متاثر ہوئے، جن میں دو افراد محفوظ رہے جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور آر ایچ سی رائیونڈ منتقل کر دیا، جبکہ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔ دوسری جانب مون سون کے دوسرے اسپیل کے پیش نظر لاہور ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور کی ہدایت پر تمام سرکل افسران اور ٹریفک وارڈنز کو حفاظتی سامان کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہنے، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے، واسا کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے اور شہریوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں اور وارڈنز کو بجلی کی تنصیبات سے دور رہنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر تمام فیلڈ ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے، جبکہ مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز سے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے جی بلاک ڈسپوزل اسٹیشن سمیت مختلف مقامات کا دورہ کرکے نکاسی آب کے انتظامات، مشینری کی فعالیت اور ڈسپوزل سسٹم کا جائزہ لیا، جبکہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ، کسی بھی خرابی کی فوری مرمت اور انڈر پاسز و مرکزی شاہراہوں کو ہر صورت کلیئر رکھنے کی ہدایت جاری کی۔

جبکہ منڈی بہاؤالدین میں مختلف دیہاتوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث 8 افراد زخمی ہوئے۔ بہاولنگر میں شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔

سیالکوٹ میں ٹی آر کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔دوسرے روز بھی موسلادھار بارش جاری، واسا نے بارش کے دوران ہی نکاسیٔ آب آپریشن تیز کر دیا۔سیالکوٹ ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام ٹیموں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر، برساتی نالوں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق مری اور کہوٹہ میں جزوی لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ ریسکیو پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔


چشتیاں: سینما روڈ پر بارش کے باعث خستہ حال چھت کی دیوار گرنے سے 3 افراد ملبے تلے دب گئے۔
چشتیاں: ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔
چشتیاں: متاثرین میں اللہ رکھا، محمد علی اور فیصل شامل ہیں، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


بجلی محلہ میں مسلسل بارش کے باعث مکان کے دوسرے فلور کی کچی چھت گر گئی، 18 سالہ نوجوان زخمی ہو گیا۔ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمی عمیر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، حالت خطرے سے باہر ہے۔حکام کے مطابق بروقت امدادی کارروائی کے باعث کسی بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔


گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری، موسم خوشگوار ہو گیا۔کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے آمدورفت متاثر، جبکہ گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔کسانوں نے بارش کو دھان اور کماد کی فصلوں کے لیے انتہائی فائدہ مند قرار دیا۔


مسلسل بارش کے باعث خستہ حال مکان کے برآمدے کی چھت گرنے سے 40 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبی لاش نکال لی، جاں بحق شخص کی شناخت سکندر حیات کے نام سے ہوئی۔واقعہ موضع وجھلانہ بھکر روڈ پر پیش آیا، لواحقین نے میت ہسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔

شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، حبس اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی، شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔بارش کے دوران ستھرا پنجاب کے ورکرز فوری طور پر نکاسیٔ آب میں مصروف، مین شاہراہوں، بازاروں اور گلیوں میں عملہ ہائی الرٹ رہا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے