لاہور (پنجاب پوسٹ) سیشن کورٹ نے بھنگ کے کاروبار سے متعلق منشیات کیس میں باو فیصل کو 14 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ملزمان کے قبضے سے 200 کلو گرام خشک بھنگ برآمد ہوئی تھی، جبکہ ریلوے اسٹیشن سے بھنگ کارگو کروانے کے معاملے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
منشیات کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج نور محمد بسمل نے کی۔ پراسیکیوشن کی جانب سے پراسیکیوٹر سکندر حیات اعوان نے عدالت میں ٹھوس شواہد پیش کیے اور گواہان کو بھی عدالت میں پیش کیا۔
سرکاری گواہان کی شہادتوں اور پیش کیے گئے شواہد کی روشنی میں عدالت نے باو فیصل کو سزا سنائی۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم کے خلاف تمام تر شواہد موجود تھے۔

کیس ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر وقار عابد بھٹی کی نگرانی میں مکمل کیا گیا، جبکہ ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔













