لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ڈولفن پولیس کے جوان احمد نے 28 سال بعد تمغہ اپنے نام کرتے ہوئے نیشنل ایتھلیٹ چیمپین شپ کی 54 ویں میراتھن چیمپین شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق نیشنل ایتھلیٹ چیمپین شپ "لوک سہائتا” کے زیر اہتمام کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں ڈولفن اہلکار احمد نے 44 کلومیٹر میراتھن ریس میں حصہ لیا اور کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ چیمپین شپ میں نیوی، ایئر فورس، پاکستان پولیس، واپڈا اور دیگر سویلینز نے بھی شرکت کی۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کامیاب ایتھلیٹ سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ احمد نے کانسی کا تمغہ جیت کر لاہور پولیس کا نام روشن کر دیا ہے۔
ایس پی ڈولفن نے کہا کہ ڈولفن فورس امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی نمایاں صلاحیتوں کی حامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیلوں میں کامیابیاں ڈولفن فورس کے جوانوں کی محنت، نظم و ضبط اور عزم کا ثبوت ہیں












