اپنے مویشی کو اپنا کاروبار کیسے بنائیں؟ وزیراعلیٰ مریم نواز نے فارمولا بتا دیا

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے "اپنا مویشی، اپنا ہی روزگار” پروگرام کے تحت مفت مویشی فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں میں مستحق خواتین کو مستقل ذریعہ معاش فراہم کرتے ہوئے انہیں خود کفیل بنانا اور غربت کے خاتمے میں مدد دینا ہے۔

حکومت پنجاب کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبے کے 13 اضلاع میں مستحق خواتین کو مفت پالتو جانور فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان اضلاع میں ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، تونسہ، بہاولنگر، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں شامل ہیں۔

اس اسکیم سے صرف دیہی علاقوں کی مطلقہ اور بیوہ خواتین مستفید ہو سکیں گی، جبکہ درخواست گزار کی عمر 55 سال تک مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دینے والی خواتین کے لیے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی سے مطلقہ یا بیوہ ہونے کی تصدیق لازمی ہوگی۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران کسی بھی سرکاری اسکیم کے تحت مویشی حاصل کرنے والی خواتین اس پروگرام کے لیے دوبارہ اہل نہیں ہوں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

درخواست گزار خواتین کی رہنمائی اور سہولت کے لیے قریبی ویٹرنری ہسپتالوں اور شفاخانہ حیوانات میں وزیراعلیٰ سہولت ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں، جبکہ درخواستیں آن لائن پورٹل attrw.punjab.gov.pk کے ذریعے بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دیہی خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کیے بغیر غربت جیسے بڑے چیلنج پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے میں پائیدار روزگار اور مالی معاونت کے ذریعے دیہی خواتین کو خودمختار بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کا یہ اقدام خواتین کی معاشی بحالی، دیہی معیشت کے استحکام اور لائیو سٹاک سیکٹر کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے