لاہور(پنجاب پوسٹ) مہنگی ایل پی جی، آٹے اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہری گھروں سے گیس سلنڈر اٹھا کر سڑکوں پر نکل آئے۔
مظاہرین نے مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج میں ملی رکشہ یونین کے صدر رانا شمشاد سمیت بڑی تعداد میں رکشہ ڈرائیوروں اور مزدوروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری حمید الحسن گجر نے کہا کہ 600 روپے فی کلو ایل پی جی کی فروخت حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو ماڈل شہر بنانے کے دعوے کیے جاتے ہیں، جبکہ عوام مہنگی گیس اور آٹے کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے غریب کا جینا دوبھر کر دیا ہے، حکومت یا تو عوام کو ریلیف دے یا اقتدار چھوڑ دے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو لاہور بند کرنے کی کال دی جائے گی۔
چوہدری حمید الحسن گجر نے مزید کہا کہ ایل پی جی مافیا کی من مانی نہیں چلنے دی جائے گی اور عوام کے حقوق کے لیے سڑکوں پر رہیں گے۔













