پاکستان ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا، پی ایچ ایف کی روایتی ہاکی اور کھلاڑیوں کی فٹنس پر توجہ

لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مصر میں ہونے والے ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر رکھا ہے، تاہم پی ایچ ایف نے موجودہ ترجیحات کے تحت روایتی ہاکی، انڈر 15 ٹیم کی تیاری اور کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ 7 سے 12 دسمبر تک مصر میں شیڈول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن مستقبل میں ہاکی فائیو فارمیٹ کے لیے بھی جدید تقاضوں کے مطابق تیاری کا منصوبہ رکھتی ہے، تاہم اس وقت کھلاڑیوں کی مہارت اور فٹنس کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا، پی ایچ ایف کی روایتی ہاکی اور کھلاڑیوں کی فٹنس پر توجہ

ذرائع کے مطابق ہاکی فائیو کے لیے الگ تربیت درکار ہے اور موجودہ کھلاڑیوں کی اسکلز اور فٹنس مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں۔ اسی مقصد کے لیے انٹرنیشنل فٹنس کوچز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد بہتر بنانے پر کام کریں گے۔ پی ایچ ایف کا مؤقف ہے کہ کھلاڑیوں کی تیاری اور فٹنس بہتر ہونے کے بعد ہی انہیں مختلف ایونٹس میں شرکت کے لیے بھیجا جانا مناسب ہوگا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے انڈر 15 ٹیم کی تیاری کو بھی اہم ہدف قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ برس انڈر 18 فارمیٹ ختم ہونے کے بعد انڈر 15 فارمیٹ اس کی جگہ لے گا، جس کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور ترقی پر توجہ دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاکی فائیو فارمیٹ کو ان علاقوں میں ہاکی کے فروغ کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جہاں مکمل سائز کے ٹرف تک رسائی محدود تھی۔ پی ایچ ایف ہاکی فائیو کی ترقی میں اہمیت تسلیم کرتی ہے، تاہم اسے روایتی 11 کھلاڑیوں پر مشتمل ہاکی کا متبادل نہیں بلکہ کھیل کی ترقی کا ایک ذریعہ سمجھتی ہے۔

پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق ہاکی فیڈریشن کی موجودہ توجہ روایتی ہاکی کے مقابلوں، نوجوان کھلاڑیوں کی تیاری اور فٹنس کے معیار کو بہتر بنانے پر ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ ورلڈ کپ میں عدم شرکت کا فیصلہ فنڈز کی کمی کے باعث نہیں بلکہ دیگر ٹیموں، ایونٹس اور کھلاڑیوں کی تیاری کو ترجیح دینے کے تحت کیا گیا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے